ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جولائی سے شروع ہوگا

8
West Indies and Australia
West Indies and Australia

جمیکا۔30جون (اے پی پی):ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 3جولائی سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سینٹ جارجز، گریناڈا میں شروع ہوگا۔مہمان آسٹریلوی ٹیم کو میزبان ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ کینگروز نے کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کو 159 رنز سے شکست دی تھی۔

آسٹریلیا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورہ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 5 ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیلا جا چکا ہے جو آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے جبکہ میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو روسٹن چیس لیڈ کریں گے۔

ویسٹ انڈیز اورآسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جولائی تک نیشنل کرکٹ سٹیڈیم، سینٹ جارجز، گریناڈا میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 12 سے 16 جولائی تک سبینا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز مکمل ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم جمیکا پہنچے گی جہاں وہ میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 جولائی کو سبینا پارک، کنگسٹن، جمیکا میں کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 23 جولائی کو جمیکا،تیسرا ٹی ٹونٹی میچ 26 جولائی کو سینٹ کٹس ،چوتھاٹی ٹونٹی میچ 27 جولائی کو سینٹ کٹس اور پانچواں اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 29 جولائی کو سینٹ کٹس کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔