سینٹ کٹس۔30جنوری (اے پی پی):ویسٹ انڈیز ویمن نے دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں بنگلہ دیش کی خواتین ٹیم کو 106 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔مہمان بنگلہ دیشی خواتین ٹیم نے میزبان ویسٹ انڈین کی جانب سے ملنے والا 202 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوور ز میں 9 وکٹوں پر 95 رنز بناسکی۔ ویسٹ انڈیز ویمن کی جانب سے مایہ ناز اوپننگ بلے باز کیانہ جوزف نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
جمعرات کو وارنر پارک، باسیٹری، سینٹ کٹس کے مقام پر کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈین ویمنزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 201 رنز بناکر بنگلہ دیش ویمنز کو میچ میں کامیابی کے لئے 202 رنز کا ہدف دیا۔ ویسٹ انڈیز کی اوپننگ بلے باز کیانہ جوزف نے 63 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ڈینڈرا ڈوٹن 49 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بلے باز رہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے فہیمہ خاتون نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے تین جبکہ رابعہ خان نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں بنگلہ دیشی خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈین کی جانب سے ملنے والا 202 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوور ز میں 9 وکٹوں پر 95 رنز بناسکی۔شرمین اختر 22 اور شورنا اختر 16 رنز بناسکیں۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے چیری این فریزر،ایفی فلیچر اور کپتان ہیلی میتھیوز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔یوں ویسٹ انڈیز ویمن نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بنگلہ دیش کو 106 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔کیانہ جوزف کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=553619