ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان

68
ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور۔23مئی (اے پی پی):پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کردیا ۔ سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز 8، 10 اور 12جون کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

اعلان کردہ سکواڈ میں 3 اوپنرز، 3 مڈل آرڈر بیٹرز، 2وکٹ کیپرز، 3 اسپنرز اور 5 فاسٹ بالرز شامل ہیں۔بابراعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رئوف، حسن علی، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر بیٹر) محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر بیٹر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، شاہ نواز دہانی اور زاہد محمود سکواڈ میں شامل ہیں

،چونکہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز مینیجڈ انوائرنمنٹ میں نہیں کھیلی جانی، لہذا قومی سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف اعلان کردہ 21 رکنی سکواڈ کو کم کرکے 16 کھلاڑیوں تک محدود کردیا ہے۔ آصف علی، حیدر علی، عثمان قادر اور آصف آفریدی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جبکہ سعود شکیل سائنوسائٹس سرجری کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

انجری سے صحت یاب ہونے پر قومی وائیٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔سیریز کے تربیتی کیمپ کے لیے قومی سکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا۔

انگلش کانٹی کرکٹ میں مصروف وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان، حسن علی، شاداب خان اور حارث رئوف بھی مقررہ وقت پر وطن واپس پہنچ جائیں گے۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ چونکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، لہذا بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہامنتخب کردہ سکواڈ میں زیادہ تر کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے تاکہ وہ اس طرز کی کرکٹ میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

انہوں نے کہاپرامید ہوں قومی سکواڈ مہمان ٹیم کے خلاف عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ سیریز مینیجڈ انوائیرنمنٹ میں نہیں کھیلی جارہی، لہذا ضرورت پڑنے پر کھلاڑیوں کو مختصر وقت میں بھی طلب کیا جاسکتا ہے، محمد نواز اور شاداب خان کے مکمل فٹ ہونے کی وجہ سے آصف آفریدی اور عثمان قادر کو ویسٹ انڈیز کے خلافاسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔