ویکس نیٹ پاکستانی خواتین تاجروں کے ہنر کو اجاگر کرنے کی جانب اہم قدم ہے،ترجمان ٹڈاپ

100
TDAP
TDAP

لاہور۔26دسمبر (اے پی پی):ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے زیر اہتمام میکس نیٹ نمائش 2025کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ٹڈاپ کے ترجمان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ یہ سہ روزہ نمائش لاہور ایکسپو سینٹر میں10 جنوری سے 12جنوری تک جاری رہے گی ۔

ویکس نیٹ 2025 نمائش کا مقصد پاکستان میں خواتین تاجروں کے ہنر اور صلاحیتوں کواجاگر کرنا اورانہیں معیشت کے دھارے میں شامل کرکے تجارت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند خواتین تاجروں کے ہنر اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ویکس نیٹ نمائش 2025 میں خواتین تاجروں کی مختلف تنظیموں اور اداروں کے علاوہ خواتین کے کئی برانڈز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

نمائش میں 200 سے زائد خواتین تاجر اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔ نمائش میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، جوتوں، جیولری، دستکاری، ہربل سکن کئیر اور گھریلو استعمال کی اشیا کے علاوہ ای کامرس، فرنیچراور خشک میوہ جات ایکسپورٹ کرنے والے کاروبار بھی شامل ہیں،خواتین میں پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینے والے ادارے صنعت زاراور قصرِ بہبود بھی نمائش کے ممتاز شرکا میں شامل ہیں۔تین دن تک جاری رہنے والی ویکس نیٹ نمائش میں شہریوں کو فیملیز کے ہمراہ بھرپور تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لیے فوڈ کورٹ ، ثقافتی شوز، اور دیگر سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹڈاپ کاروباری خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی قیادت میں کاروبار کو فروغ دینے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اورگزشتہ سالوں میں ہونے والی ویکس نیٹ نمائشوں میں پاکستانی کاروباری خواتین کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی اور انہیں مرکزی معیشت کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اس ایونٹ کی میزبانی کرتا رہا ہے، 12ویں ویکس نیٹ نمائش بھی ٹڈاپ کے پاکستان کی خواتین کے ہنر اور صلاحیتیں اجاگرکرنے کے عزم کی عکاسی کرتاہے ۔