ٹائمز آف ایجوکیشن کی رینکنگ کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا ٹیچنگ میں پنجاب کی دوسری بہترین اور پاکستان کی تیسری بہترین یونیورسٹی قراردیدی گئی

254
ونیورسٹی آف سرگودھا

سرگودھا۔28ستمبر (اے پی پی):دنیا کی معتبر ترین ریٹنگ ایجنسی ٹائمز ہائیر ایجوکیشن نے یونیورسٹی آف سرگودھا کو ٹیچنگ میں پنجاب کی دوسری بہترین اور پاکستان کی تیسری بہترین یونیورسٹی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز رینکنگ کے معتبر ادارہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے دنیا کی بہترین جامعات کی درجہ بندی جاری کی ،اس سلسلے میں دنیا بھر کی 2673 یونیورسٹیز نے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹیزرینکنگ 2024کیلئے اپنا ڈیٹا درج کروایاجس کے مطابق یونیورسٹی آف سرگودھا دنیا کی1001+بہترین جامعات میں شامل ہو گئی ہے جبکہ تدریس کے لحاظ سے یو نیورسٹی آف سرگودھا صوبے بھر میں دوسرے اور پاکستان میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کی رینکنگ میں اس فقید المثال کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا ہے کہ اس کامیابی کا کریڈٹ ہونہارو قابل اساتذہ اور محنتی سٹاف کو جاتا ہے جن کی انتھک محنت کی بدولت یونیورسٹی آف سرگودھا معیاری تعلیم و تدریس کو یقینی بنا رہی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ تدریس میں پنجاب کی دوسری اور پاکستان کی تیسری بہترین یونیورسٹی قرار پانا جبکہ دنیا میں 1001+بہترین جامعات میں شامل ہوناواضح کرتا ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا سفر درست سمت میں جاری ہے اور وہ وقت دور نہیں کہ جب یونیورسٹی آف سرگودھا دنیا کی500بہترین جامعات میں شامل ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور وائس چانسلر وہ معیاری تعلیم و تحقیق،معیاری تدریس، علوم کی منتقلی اور انٹرنیشنلائزیشن کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے رہیں گے تاکہ یونیورسٹی آف سرگودھا تعلیمی و تحقیقی میدان میں عالمی سطح پر بہتر ین انداز میں پاکستان کی نمائندگی کا فریضہ سرانجام دیتی رہے۔

وائس چانسلر نے اس بات کا عزم کیا کہ یونیورسٹی میں مزید فیکلٹی کی تعیناتی،جدید تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے معیار میں مزید اضافہ ہوگا۔ وائس چانسلر نے رینکنگ میں مثالی کارکرگی پیش کرنے پر اساتذہ، انتظامیہ اور یونیورسٹی کے طلبہ کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ مزید لگن کے ساتھ مادرِ علمی کی ترقی کیلئے کام کریں تاکہ ترقی کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رہے۔