اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی)ٹائیگر فورس ڈے پر ملک کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کے لئے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں، مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔ملک بھر میں 35 لاکھ پودوں کی تقسیم کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان (آج) اتوارکو ٹائیگر فورس کے ہمراہ شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان کو مہم کا حصہ بننے کی دعوت دی ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شہباز شریف، بلاول بھٹو اور خواجہ آصف سمیت اپوزیشن رہنماءقومی مہم کا حصہ بنیں، سندھ حکومت قومی مفاد کی خاطر روایتی ہٹ دھرمی ترک کرے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان خود ٹائیگر فورس کے ہمراہ میدان میں اتریں گے۔ سول سوسائٹی, ضلعی انتظامیہ, محکمہ جنگلات اور عوام مل کر مہم کامیاب بنائیں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے اور وزیراعلی پنجاب سیالکوٹ سے مہم کا آغاز کریں گے،وزیراعظم عمران خان کے کلین گرین پاکستان کے اقدام کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے، ٹائیگر فورس کے رضا کار کل ملک بھر میں پھیل جائیں گے، حکومت کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر بھی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔