لندن۔2جولائی (اے پی پی):اٹلی کے نامور ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر اور سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار اورمجموعی طور پر 24 ویں گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ ومبلڈن اوپن ٹینس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے ۔ 23 سالہ اطالوی ٹینس سٹار نے مینز سنگلز کے ابتدائی رائونڈ میچ میں اٹلی کے حریف کھلاڑی لوکا نارڈی کو شکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیاجبکہ 24 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے سربین سٹار نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میچ میں فرانسیسی حریف کھلاڑی الیگزینڈرمولر کو مات دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ رواں سال آسٹریلین اوپن کے چیمپئن اٹلی کے جینک سنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کے حریف کھلاڑی لوکا نارڈی کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 3-6اور 0-6 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
38سالہ سربیا کے ٹینس سٹار اورمجموعی طور پر 24 ویں گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے فرانسیسی حریف کھلاڑی الیگزینڈرمولر کو 1-6، 7-6(9-7)2-6اور 2-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔سربین سٹار نوویک جوکووچ مجموعی طور پر 25 ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں ہیں ۔
پہلے رائونڈ کے دیگر میچوں میں انگلینڈ کے جیک الیگزینڈر ڈریپر،امریکا کے ٹومی پال،امریکا کے ہی بینجمن ٹوڈ شیلٹن،آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور اور وائلڈ کارڈ پر انٹری حاصل کرنے والے برطانوی ٹینس کھلاڑی ڈین ایوانز نے فتح حاصل کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔