فیصل آباد ۔ 25 فروری (اے پی پی):فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے علاقہ میں ٹرک کی ٹکر سے بس الٹنے کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ کے نواحی علاقہ میں مشتاق چوک کے قریب تیز رفتار ٹرک پنکچر ہونے پر بے قابو ہوکر مسافر بس سے جا ٹکرایا۔ ٹرک کی ٹکر سے بس سڑک کنارے الٹ گئی۔
حادثہ میں 9 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 مسافروں عرفان ولد عبدالرشید،پروین دختر نزیر احمد اور نزیر احمد ولد محمد شریف کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ 6 مسافروں ایم محسن ولد اصغر، اقصٰی امجد زوجہ حافظ امجد، شہباز ولد بوٹا، زاہدہ بی بی زوجہ نور احمد، حافظ امجد ولد اسلم اور ارشاد بی بی زوجہ ایم رزاق کو فرسٹ ایڈ دی گئی۔
ریسکیو 1122 حکام نے بتایا کہ کالر کے مطابق ایک ٹرک ٹائر پنکچرہونے کی وجہ سے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرایا جس کی وجہ سے بس سڑک سے نیچے اتری اور الٹ گئی ریسکیو امدادی ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر مسافروں کو ابتدائی طبی امداد دی اور ٹی۔ایچ۔کیو ہسپتال تاندلیانولا منتقل کردیا۔