ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا غیر ملکی خریداروں تک رسائی کیلئے ورچوئل نمائشوں کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

144
TDAP

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا غیر ملکی خریداروں تک رسائی کیلئے ورچوئل نمائشوں کے انعقاد کا اعلان خوش آئند ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پیشرفت کی جائے ، ہمیں نئے رجحانات کی پیروی کرنا ہو گی۔ پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی جانب سے برآمد کنندگان کی غیر ملکی خریداروں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے ورچوئل نمائشوں کے انعقاد کی منصوبہ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پر پیشرفت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کی وجہ سے نئے رجحانات فروغ پا رہے ہیں اورہمیں دنیا سے قدم سے قدم ملا کر چلنے کیلئے ان کی پیروی کرنا ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر ، چیئرمین کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ، وائس چیئرمین شیخ عامر خالد، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان، محمد اکبر ملک اور میجر (ر) اخترنذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماﺅں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے متعدد نمائشیں ملتوی یا موخر کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے برآمدکنندگان اور درآمد کنندگان کے درمیان رابطوں کا فقدان ہے۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مقامی مصنوعات کے برآمدکنندگان کے عالمی خریداروں سے رابطوں کیلئے ورچوئل نمائشوں کے انعقاد کااعلان موجودہ مشکل حالات میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے اور ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اس سلسلہ میں فوری پیشرفت کی جائے اور سٹیک ہولڈرز کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے۔