ٹیرف ریشنلائزیشن کیلئے 30سال کا جامع روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو ترجیح دی جائے گی ،مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد کا کانفرنس سے خطاب

93

فیصل آباد ۔ 6 اگست (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ بجٹ میں ڈیوٹیاں کم کرنے کے بعد ٹیرف ریشنلائزیشن کیلئے 30سال کا جامع روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں ٹیکسٹائل سیکٹر بارے خصوصی میٹنگ سوموار کو ہو گی۔ انہوںنے یہ بات زوم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت و تجارت کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے زمینی حقائق کے مطابق دورس پالیسیاں زیر غور ہیں اور ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے ہر سیکٹر کیلئے الگ الگ پالیسی طے کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس کام کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں، بجٹ کی وجہ سے جولائی میں یہ کام شروع نہ کیا جا سکا جبکہ اس کام کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کیلئے رواں ماہ کے دوران مشاورت کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ میں ڈیوٹیوں کو کم کیا گیا لیکن تاجروں اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد اس سے مطمئن نہیں کیونکہ صرف ڈیوٹیوں میں کمی کافی نہیں اس کیلئے ٹیرف ریشنلائزیشن کی بھی ضرورت ہے اور اس میں مختلف سیکٹر پر الگ الگ غور ہوگا۔ جن میں انجینئرنگ ، کیمیکل ، فارماسوٹیکل اور آئرن شیٹ وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کامرس نے ٹیرف ریشنلائزیشن کی ذمہ داری نیشنل ٹیرف کمیشن کو سونپی ہے۔ کمیشن کے مطابق اس کو یہ کام مکمل کرنے کیلئے چھ سے آٹھ ہفتے درکار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس سلسلہ میں بزنس کمیونٹی سے مشاورت بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مختلف چیمبرز سے کہا کہ وہ ا س بارے میں اپنی تجاویز دیں تاکہ ان کے ذریعے ملکی ترقی کیلئے مثبت اور نتیجہ خیز نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ ٹیرف ریشنلائزیشن کے بارے میں عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ اس کو دو مرحلو ں میں مکمل کیا جائے گا ۔ فوری نوعیت کے مسئلوں کو چند ہفتوں میں حل کیا جائے گا جبکہ لانگ ٹرم منصوبہ کے تحت ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوموار کو اس سلسلہ میں میٹنگ ہو گی جس میں صرف ٹیکسٹائل کے شعبہ پر بات ہو گی۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ سینئر نائب صدر ثاقب مجید سوموار کو ہونے والی میٹنگ میں فیصل آباد چیمبر کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے صنعتوں کو ساڑھے سات سینٹ کے حساب سے بجلی مہیا کرنے کا مسئلہ اٹھایا اور بتایا کہ اس سلسلہ میں نئے بل بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔ رزاق داﺅد نے کہا کہ حکومت اس مسئلے کو بہت جلد حل کر دے گی۔ اس موقع پر ملک کے مختلف چیمبرز کے علاوہ فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ثاقب مجید اور سابق صدر سید ضیاءعلمدار حسین نے بھی شرکت کی۔