ٹیسٹ سیریز سے قبل جیت سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے‘ نوجوان کھلاڑیوں کو وقت دینا ہوگا‘ ہیڈ کوچ مصباح الحق

61

نیپئر۔22دسمبر (اے پی پی):قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جیت سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے‘ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع اور وقت دینا ہوگا‘ محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کیا‘ محمد حفیظ کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ منگل کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جیت ہمارے لے بہت ضروری تھی، محمد حفیظ اپنے کھیل میں بہت تبدیلی لائے ہیں‘ ان کی جتنی تعریف کریں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور فخر زمان کی عدم موجودگی میں ہمارے پاس اوپننگ کے آپشن محدود تھے‘ محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کیا۔ مصباح الحق نے کہا کہ عبداللہ شفیق، حیدر علی اور خوشدل شاہ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ آرڈر میں اچھے بیٹسمین موجود ہونے کی وجہ سے افتخار احمد اور حسین طلعت کو پہلے دو میچوں میں موقع نہیں مل سکا۔ پہلے دونوں میچوں میں بیٹنگ آل رائونڈرز کی وجہ سے دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اترے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دو میچوں میں بیٹنگ پہلے کرنے اور آج بعد میں کرنے کے حساب سے کمبی نیشن بنایا گیا۔