اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی پیش کرنے کیلئے ہنر اور حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے، نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔ کپتان کین ولیمسن اور باقی ٹیم کی پرفارمنس شاندار رہی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اچھی فائٹ کی مگر دوسرے ٹیسٹ میں ایسی کارکردگی دیکھ کر شدید مایوسی ہوئی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں رہنے کے لئے ہنر اور حوصلے کی ضرورت ہے۔