لاہور۔ 13 جولائی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہوں کیونکہ میری واپسی اسی ملک میں ہورہی ہے جہاں میں انجرڈ ہوا تھا ۔شاہین شاہ آفریدی ہمبنٹوٹا میں پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انجریزکھلاڑی کی زندگی کا حصہ ہیں لیکن واپسی پر خوشی ہے، میں ہمیشہ ریڈبال کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں اور اب میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سووکٹوں سے صرف ایک وکٹ کی دوری پر ہوں جو یقینا میرے لیے بہت اہم بات ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں وائٹ بال کھیلنے کے بعد ریڈبال سے ہم آہنگ ہونے میں وقت لگا تاہم کراچی میں کیمپ سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔ ٹیسٹ کرکٹ صبروتحمل کا تقاضہ کرتی ہے جس میں آپ کو اپنے ساتھی بائولرز کے ساتھ پارٹنرشپس پر کام کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاگزشتہ سال میں وائٹ بال کرکٹ زیادہ کھیلا لیکن جب میں کائونٹی کرکٹ کھیل رہا تھا تو میں نے میچوں کے بعد ریڈ بال سے بھی کئی اوورز کیے تاکہ خود کو اپنے ورک لوڈ کے قریب کرسکوں ۔انکا کہنا ہے میرے لیے کسی بھی فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی اعزاز کی بات ہے۔مجھے امید ہے کہ ہم اس ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ابتدا اچھے طریقے سے کریں گے اور اس بار فائنل تک پہنچیں گے، پچھلے دو سیزنز میں ہمیں یہ کمی محسوس ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ اپنی واپسی پر جس بات سے بہت زیادہ پرجوش ہیں وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سو وکٹوں کا سنگ میل ہے ۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے گیارہویں پاکستانی فاسٹ بائولر ہونگے لیکن اس کے لیے انہیں کافی انتظار کرنا پڑا ہے۔شاہین شاہ آفریدی پچھلے سال کے گال ٹیسٹ کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں نئی گیند ملنے کا وقت قریب تھا اور میں نئی گیند کو کس طرح استعمال کرنا ہے اس بارے میں سوچ رہا تھا لیکن نئی گیند کے آنے سے پہلے ہی میں انجرڈ ہوگیا۔ میرے لیے کرکٹ سے دور رہنا بہت مشکل تھا لیکن وقت نے مجھے اس عرصے میں سکھایا بھی ہے جس سے مجھے آئندہ پرفارم کرنے میں مدد ملے گی۔
انکا کہنا ہے میں بائولر ہوں لیکن جب بھی مجھے اپنے ملک کے لیے بیٹنگ کے شعبہ میں کچھ کردکھانے کا موقع ملے گا میں اپنا بیسٹ دوں گا ۔یاد رہے شاہین شاہ آفریدی کاگزشتہ سال گال کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن فیلڈنگ کے دوران گھٹنا زخمی ہوگیا تھا۔ آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ان کی واپسی ہوئی لیکن بدقسمتی سے فائنل میں ان کا گھٹنا پھر زخمی ہوگیا جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز نہ کھیل پائے۔
شاہین شاہ آفریدی کی واپسی پی ایس ایل میں ہوئی جس میں ان کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے ٹائٹل جیتا اور اس کے بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز میں بھی کھیلے۔سری لنکا کے اس دورے کے لیے ٹیم میں شامل ہونے سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے انگلش کا ئونٹی ناٹنگھم شائر کی نمائندگی بھی کی جس کی وجہ سے انہیں اپنے ورک لوڈ کے مطابق کھیلتے ہوئے ردھم میں آنے کا موقع بھی مل گیا۔