ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی تجارت میں پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ

69
State Bank

اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی تجارت میں جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیلی مواصلات، کمپوٹر اورانفارمیشن خدمات کی برآمدات میں 29.26 فیصد اوردرآمدات میں 24.93 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی برآمدات سے ملک کو1.948 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 29.26 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی برآمدات کاحجم 1.507 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

مارچ 2022 میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی برآمدات سے ملک کو259 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال مارچ میں 209 ملین ڈالر اوررواں سال فروری میں 201 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2021 میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی برآمدات سے ملک کو2.108 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 24.93 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

جولائی تامارچ 2022 تک کی مدت میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی درآمدات پر476 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 381 ملین ڈالرتھا۔مارچ میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی درآمدات کاحجم 55 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو فروری میں 50 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 48 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا،

مالی سال 2021 میں ٹیلی مواصلات، کمپیوٹر اورانفارمیشن خدمات کی درآمدات کاحجم 530 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔