ٹیم میں واپسی کے لئے وقت درکار ہوتا ہے ، کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کھیل پیش کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں، یاسر شاہ

63
ٹیم میں واپسی کے لئے وقت درکار ہوتا ہے ، کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کھیل پیش کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں، یاسر شاہ

راولپنڈی ۔26جون (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسر شاہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کے لئے پر عزم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ فٹنس مسائل سے نجات کے بعد ٹیم میں واپسی کے لئے وقت درکار ہوتا ہے تاہم کوشش ہوگی کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بہترین کھیل پیش کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں،

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچوں کی تیاریوں کے سلسلے میں قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ اتوار کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہو گیا ہے، پریکٹس سیشن کے اختتام پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں دوبارہ شمولیت پر بہت خوش ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال سمیت ہر فارمیٹ میں سخت محنت کر رہا ہوں،

انہوں نے کہا کہ سابق مایہ ناز سپنر مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کی زیر نگرانی اپنی بائولنگ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں اور ان کے ساتھ اپنی گوگلی پر بہت کام کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹیم میں واپسی کے بعد کپتان بابر اعظم سے مشاورت ہوتی رہتی ہے جس سے اعتماد ملتا ہے،

یاسر شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ میچ میں کھیلنے کا فیصلہ وکٹ دیکھ کر ہو گا اور وہ پاکستان کے لئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ کھلاڑی آؤٹ کرنے کا ریکارڈ بنانا چاہتے ہیں، واضح رہے کہ 36 سالہ یاسر شاہ اب تک 46 ٹیسٹ میچوں میں 235 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ 25 ایک روزہ میچز میں ان کی وکٹوں کی تعداد 24 ہے

، یاسر شاہ نے 2015 میں دورہ سری لنکا کے دوران شاندار کارکردگی کی بدولت تین ٹیسٹ میچوں میں 24 وکٹیں حاصل کر کے پاکستان کو سیریز 1-2 سے جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، قومی ٹیم آئندہ ماہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جولائی تک گال جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 سے 28 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔