ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے درمیان اعتماد سازی کاروباری ترقی کیلئے ناگزیر ہے، ناصر منصور قریشی

47

اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے صنعت کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات کے فروغ اور قومی خزانے میں شراکت کے ذریعے پاکستان کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں تاجر برادری کے اہم کردار کو اجاگر کیا ہے۔پیر کے روز کاروباری رہنمائوں کے مختلف وفود سے گفتگو کر تے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے شفاف، منصفانہ اور ایک جوابدہ ٹیکس ماحول کی فوری ضرورت پر زور دیا اور اسے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے درمیان اعتماد کو فروغ دینے کے لیے ضروری قرار دیا۔ناصر منصور قریشی نے کہا کہ ایک کاروبار دوست ٹیکس نظام کے تحت جہاں تاجر اور صنعتکار اعتماد کے ساتھ کام کر سکتے ہیں وہ معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا نظام نہ صرف کاروبار کو بڑھانے میں مدد دے گا بلکہ ملک کی مجموعی اقتصادی خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے ٹیکس کے طریقہ کار کو آسان بنا کر، شکایات کے فوری حل کو یقینی بنا کر کاروباری برادری کی ٹیکس سے متعلق حقیقی شکایات کو دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک ہموار اور شفاف عمل سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مدد دے گا اور پاکستان میں طویل مدتی، پائیدار اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالے گا۔انہوں نے اس موقع پر حکومت اور نجی شعبے کے درمیان فعال پالیسی کی وکالت اور مسلسل مشغولیت کے ذریعے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔