اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ایف بی آر کے چئیرمین محمدجاویدغنی نے ٹیکس گزاروں کی شکایات کے حل اورازالہ کیلئے تمام فیلڈ دفاتر کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹیکس گزاروں کے مسائل کے فوری حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کویقینی بنایا جارہاہے ۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کویہاںوزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق ایف بی آر ہیڈکوارٹر میں ماہانہ ای کچہری کے موقع پرشہریوں کی شکایات سننے کے دوران کہی۔
چیئرمین ایف بی آر نے ای کچہری کے ذریعے ٹیکس گزاروں کی آن لائن شکایات سنیں۔ٹیکس گزاروں نے کال کرکے براہ راست چیئرمین ایف بی آر کو مسائل سے آگاہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ایف بی آر ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے شکایات کے تدارک کے لئے فوری احکامات جاری کئے۔ انہوں نے ٹیکس گزاروں کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔
چئیرمین ایف بی آر نے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں قریبی ریجنل ٹیکس دفتر اور کسٹمز کولیکٹوریٹ سے رجوع کر نے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے تمام فیلڈ دفاتر کو ٹیکس گزاروں کے تمام مسائل فوری طور پرحل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔