ٹیکسلا میں وساکھ ڈے فیسٹیول کا انعقاد،کثیرتعداد میں لوگوں کی شرکت

70

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):ٹیکسلا میں وساکھ ڈے فیسٹیول منایا گیا۔اس دن کو پوری دنیا میں بدھ مت کے ماننے والے اور اسے بدھ پورنیما اور بدھا ڈے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ روایتی طور پر مختلف بدھ ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں مختلف دنوں پر منایا جاتا ہے۔بدھ مت کے ماننے والوں کے مطابق، 2022 بھگوان بدھا کے روشن خیالی کے حصول کا 2566 واں سال ہے۔

اس تقریب کا اہتمام پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، گندھارا ریسورس سینٹر، پنجاب ٹورازم (ٹی ڈی سی پی)، پنجاب محکمہ آثار قدیمہ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجیوکرما نے مہابودی درخت کی روحانی اور ثقافتی اہمیت پر بات کی جبکہ تھائی لینڈکے سفیر چکریڈ کرائچائیونگ نے ٹیکسلا میوزیم میں نصب امن بیل کی روحانی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی ، نیپال کے تاپس اندھیکاری نے بھی بدھ مت کا پیغام شیئر کیا۔

تقر یب کے موقع پر پی ٹی ڈی سی کے ایم ڈی آفتاب رانا نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو مختلف مذاہب کے ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ثقافتی ورثے اور مذہبی اہمیت کے مقامات کے تحفظ اور فروغ کے لیے اپنی شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا ٹیکسلا اور کے پی میں پشاور، صوابی، مردان اور لوئر سوات کے علاقے صحیح پالیسی اور منصوبہ بندی کے ساتھ بدھ مت کی سیاحت کا مرکز بن سکتے ہیں۔ گندھارا کے بھرپور ورثے کی تلاش میں دلچسپی رکھنے والے لاکھوں بدھ سیاح ان علاقوں کا دورہ کرنے میں دلچسپی لیں گے۔