راولپنڈی۔16اپریل (اے پی پی):ٹیکسلا پولیس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم رزاق نے اطلاع دی کہ نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ٹیکسلا پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی تاہم تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
پولیس نے جھوٹی اطلاع دینے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی نے کہاکہ 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن شہریوں کی سہولت کے لیے قائم کی گئی ہے۔ اس کا غلط استعمال نہ صرف قابلِ سزا ہے بلکہ یہ کسی مستحق شہری کو بر وقت مدد سے محروم بھی کر سکتا ہے۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ ہیلپ لائن کا غلط استعمال نہ کریں۔ بصورتِ دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582876