پائیدار ترقی کیلئے معاشرے کے ہر فرد کیلئے تعلیم نہایت اہم ہے ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

96

سیالکوٹ۔31اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کیلئے معاشرے کے ہر فرد کے لئے تعلیم نہایت اہم ہے ، اس مقصد کیلئے روایتی طریقہ تدریس کیساتھ غیر روایتی طریقہ تدریس پر بھی بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکولوں کے قیام کا مقصد معاشرے کے ایسے نو بالغان کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے جو کسی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کرسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو انٹر نیشنل لٹریسی ڈے کی مناسبت سے گورنمنٹ جامع ہائی سکول کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے لٹریسی ڈے کی مناسبت سے واک کی قیادت کی اور نان فارمل ایجوکیشن کے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کرام کو تعریفی اسناد دیں۔اس موقع پرڈی او لٹریسی آصفہ یاسر، ڈی ای او ایلیمنٹر ی عطاء الہی، ڈی ای او فی میل اسماء ڈار، عاشق صدیقی اور فرید سلہریا بھی موجود تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فروغ تعلیم کیلئے اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں، بہترین انفراسٹرکچر اور قابل اساتذہ کرام موجود ہیں جبکہ ضلع سیالکوٹ کے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے رواں سال تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم اب بھی سرکاری تعلیمی اداروں خصوصا ًنان فارمل ایجوکیشن سیکٹر کو شہریوں کا اعتماد حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو اپنی تمام تر توجہ فروغ تعلیم پر مرکوز کرنا ہوگی اور بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ انکی اخلاقی تربیت کرنا بھی ان کے فرائض منصبی میں شامل ہے۔