پارلیمان عوام کی خود مختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہوتی ہے،آئیے ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت فروغ پائےاور ادارے مضبوط ہوں،صدرمملکت آصف علی زرداری

14
President Asif Ali Zardari
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد30جون (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم بین الاقوامی یومِ پارلیمان مناتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ جمہوریت، آزادی، شمولیت، رواداری اور معاشی و سماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہیں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مابق بین الاقوامی یومِ پارلیمان جو (کل)پیر کو منایا جا رہا ہے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمان عوام کی خود مختار نمائندہ اور آئینی اقدار کی نگہبان ہوتی ہے۔

یہ قومی پالیسی کی تشکیل، شفافیت و جوابدہی کو یقینی بنانے اور تمام شہریوں کے بنیادی حقوق و آزادیوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ مؤثر قانون سازی اور بھرپور نگرانی کے ذریعے پارلیمان عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے، طرزِ حکمرانی کو مؤثر بنانے اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر میں پارلیمان کی کاوشوں کو سراہتا ہوں جو شفاف، جامع اور عوامی شراکت پر مبنی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

قانون ساز اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوری اقدار کا تحفظ کریں اور قومی ترقی کے عمل کو آگے بڑھائیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمانِ پاکستان اپنے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی، اُن کے حقوق و آزادیوں کے تحفظ اور عوامی احتساب کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ آئیے ایک ایسا پاکستان تعمیر کریں جہاں جمہوریت فروغ پائے، ادارے مضبوط ہوں اور ہر شہری کی آواز سنی اور عزت سے سمجھی جا ئے۔