پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امورعندلیب عباسی کا شنگھائی تعاون تنظیم کی حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس سے خطاب

137

اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ امور عندلیب عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی رابطوں اور استحکام کے لئے شنگھائی تعاون تنظیم کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔سی پیک کے تحت رابطوں،صنعتی پارکس اور توانائی کے منصوبے خطے کے خوشحال اور عالمی سطح پر منسلک مستقبل کی ضمانت ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ عندلیب عباسی نے یہ بات پیر کو ویڈیو کانفرنس کے زریعے شنگھائی تعاون تنظیم کی حکومتی سربراہان کی کونسل کے 19 ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہی۔پارلیمانی سیکرٹری نے علاقائی امن و استحکام کے حصول اور کثیر الجہتی روابط کے ذریعے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعلقات کے فروغ میں پاکستان کیلئے ایس ڈی او کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے ایک محفوظ اور پر امن ہمسائیگی کی ضرورت پر زور دیا۔عندلیب عباسی نے متنازعہ علاقوں میں غیر ملکی تسلط میں رہنے والے لوگوں پر ریاستی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے نیو نازی ازم اور اسلامو فوبیا سے متاثر ہوکر انتہا پسندی اور نسل پرستانہ واقعات میں اضافے سے خبردار کیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے کووڈ 19 وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے تعاون اور علم اور مہارت کے اشتراک کی ضرورت پر زور دیا۔موسمیاتی تبدیلی کے تناظر میں پارلیمانی سیکرٹری نے فورم کو وزیر اعظم کے "ماحولیاتی نظام کی بحالی کے اقدام” کے بارے میں آگاہ کیا ، جس میں اگلے تین سالوں میں 10 ارب درخت لگانا بھی شامل ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے غربت کے خاتمے کے لئے خصوصی ورکنگ گروپ (ایس ڈبلیو جی) بنانے سے متعلق پاکستان کے اقدام کی حمایت کرنے پر ممبر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔ یہ رکن ممالک کے مابین تجربات اور خیالات کے تبادلے کا ایک موقع فراہم کرے گا۔پارلیمانی سیکرٹری نے وزیر اعظم عمران خان کی تعلیمی اداروں میں شراکت داری قائم کرنے ، اسکالرشپ اور سائنسی شعبے میں نوجوانوں کے تبادلے کے پروگراموں کی پیش کش کا اعادہ بھی کیا۔پارلیمانی سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک سے غیر قانونی مالی انخلا کی مخالفت ، اور چوری شدہ دولت واپس لانے سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے اقدام سے متاثرہ ممالک کو ان کے ترقیاتی مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔