پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی سفارتکاری میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی، کشمیر میں آج بھی انسانیت سسک رہی ہے، شہریار خان آفریدی

87

اسلام آباد۔3جون (اے پی پی):پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی سفارتکاری میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قائدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی، کشمیر میں آج بھی انسانیت سسک رہی ہے، ہائبرڈ وار کااستعمال کر کے کشمیریوں میں بد گمانیاں پھیلائی جا رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دل کشمیر اورفلسطین کے ساتھ دھڑکتا ہے، اگر کوئی کہتا ہے کہ حکومت نے کشمیر کاسودا کیا ہے تو وہ اس کا ثبوت دے ۔ وہ جمعرات کو یہاں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے مرکزی دفتر میں حریت رہنمائوں سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔

اس موقع پر حریت رہنمائوں سید فیض نقشبندی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ شہریار آفریدی نے کہاکہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی سفارتکاری میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے قایدین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کشمیریوں کا دکھ محسوس کر سکتے ہیں۔

بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے جبسے اقتدار سنبھالا ہے وزیر اعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر پر ملکی پالیسی کو تبدیل کیا ہے اور تحریک انصاف کشمیر کے مسئلہ کے ساتھ پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں بھی انسانیت خطرات میں گھری ہے جہاں جموں کشمیر ایسا علاقہ ہے جہاں انسانیت کے خلاف بربریت جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے پرعزم ہے کوئی ایک پاکستان کے عوام اور کشمیریوں کے درمیان محبت پر محیط تعلقات کو نہیں تبدیل کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی 2019 میں جنرل اسمبلی میں خطاب ہو یا آج کابیان ہو عمران خان کا عزم کشمیر اور کشمیری عوام کے بارے میں متزلزل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خواہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی قبضہ ہو یا فلسطین پر اسرائیلی قبضہ پاکستان کا ان قابضین کے خلاف ایک اصولی موقف ہے اور قابض افواج کے خلاف کشمیریوں اور فلسطینیوں کی جنگ آزادی کی حمایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کمیٹی کو فعال کیا ہے تاکہ وہ تنازعہ کشمیر ملکی اور عالمی فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 وبا سے کشمیر کمیٹی کی مہم بھی متاثر ہوئی۔ تاہم اس کے باوجود کمیٹی عالمی تنظیموں اور قانونی ماہرین کے ساتھ ورچوئل اجلاس منعقد کررہی ہے۔ ۚانہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیریوں کو عالمی پلیٹ فارم مہیا کیا جائے تاکہ وہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے مشن کو لے کر آگے چل سکیں اور دنیا کوآزادی کی تحریک کے بارے میں ہمنوا بنا سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی نوجوانوں کو تنازعہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہی کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انٹرنیٹ اور جدید آلات اس وبائی دور میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور دیگر اہم فورمز پر کشمیر کامقصدمہ پیش کرنے کے لئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ حریت رہنماسید فیض نقشبندی نے کہا کہ حریت کانفرنس پارلیمانی کشمیر کمیٹی کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔ غلام محمدصفی نے کہا کہ اشرف سحرائی نے جدوجہد آزادی کے لئے اپنی اور اپنے بیٹے کی قربانی دی۔ انہوں نے کشمیر کاز کے لئے وزیرا عظم عمران خان کے بیان اور اقدامات کو سراہا۔ سید یوسف نسیم نے کہاکہ شہریار خان آفریدی نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں اس سے بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کے رہنے والوں میں امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے۔