اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ءکے چیئرمین و وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ٹی او آرز طے ہونے کے بعد کمیٹی کی کارروائی آگے بڑھے گی، ہم ایمانداری سے کام کریں گے، وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کسی سے زیادتی نہیں کریں گے۔ جمعہ کو پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ءکے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذیلی کمیٹی دو ہفتوں میں پارلیمانی کمیٹی برائے عام انتخابات 2018ءکے ٹی او آرز سے متعلق سفارشات پیش کرے گی، اس کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے مساوی نمائندے شامل ہیں، اگر یہ کمیٹی 15 روز میں اپنا کام مکمل نہیں کرتی تو اسے مزید وقت دیا جائے گا، ذیلی کمیٹی کے ٹی او آرز کے تناظر میں متعلقہ اداروں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایمانداری سے کام کریں گے کیونکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم کسی سے زیادتی نہیں کریں گے۔