لندن۔7فروری (اے پی پی):پال کالنگ ووڈ کو آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔پال کالنگ ووڈ سابق ہیڈ کوچ کرس سلور ووڈ کی جگہ ذمہ داریاں نبھائیں گے ۔کرس سلور ووڈ نے گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی ایشز میں 0-4 کی شکست کے بعد ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر پال کالنگ ووڈ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔پال کالنگ ووڈ نے کہا ہے کہ میں کیریبین کے دورے کے لیے ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے پر حقیقی طور پر پرجوش ہوں اور میں اس کے لئے زیادہ انتظار نہیں کر سکتا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان رواں ہفتے کے آخر میں کیا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم 25 فروری کو اینٹیگوا پہنچے گی اور یکم مارچ سے چار روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی جس کے بعد تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 8 مارچ سے شروع ہوگاجو اینٹیگوا کے سر ویوین رچرڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔45 سالہ کالنگ ووڈ ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشز میں انگلینڈ کے کوچنگ سٹاف کا حصہ تھے جس میں سلور ووڈ، ڈائریکٹر کرکٹ ایشلے جائلز اور اسسٹنٹ کوچ گراہم تھورپ شامل تھے جنہوں نے ایشز میں شکست کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا ۔
اینڈریو سٹراس نے عارضی طور پر ایشلے جائلز کی جگہ عہدہ سنبھال لیا ہے اور سابق کپتان نے ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لئے کالنگ ووڈ کا تقرر کیا ہے۔جو روٹ ٹیسٹ کپتان رہیں گے، بین سٹوکس نائب کپتان ہوں گے۔کالنگ ووڈ کا کہنا ہے کہ مجھ پر جو اعتماد بورڈ نے کیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔