اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) شریف فیملی کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ پانامہ لیکس میں شریف خاندان کے خلاف کوئی الزامات نہیں لگائے گئے اور نہ ہی وزیراعظم نواز شریف کی ملکیت میں کوئی کارپوریشن ہے ۔پیر کو شریف فیملی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حسین نواز اور حسن نواز سعودی عرب اور امریکہ میں گذشتہ دو عشروں سے رہائش پذیر ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حسن نواز اور حسین نواز اپنی کمپنی کی رپورٹس پیش کر رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ مریم نواز کی ملکیت میں کوئی ایسی کمپنی نہیں اور نہ ہی انہوںنے کسی کمپنی سے فائدہ اٹھایا ‘مریم نواز نے اپنے بھائیو ں کی زیر ملکیت کارپوریشنوں سے بھی کوئی آمدن یا مالی فائدہ نہیں اٹھایا ۔ترجمان نے مزید کہا کہ مریم نواز ‘حسین نواز کی زیر ملکیت کارپوریشنوں کی محض ایک ٹرسٹی ہیں جس کے تحت وہ صرف حسین نواز کے خاندان کو اثاثے تقسیم کرسکیں گی ۔ترجمان نے کہا کہ حسین نواز واشگاف طور پر پانامہ لیکس میں بیان کی گئی کارپوریشنز کی حقیقت کے بارے میں پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں ‘جن کی فنڈنگ جدہ میں سٹیل مل کی فروخت سے ہوئی تھی ،انہوں نے اپنے حالیہ ٹی وی انٹرویوز میں دیگر مالیاتی حقائق سے بھی آگاہ کیا تھا ۔ترجمان نے کہا کہ شریف خاندان(حسین نواز ‘حسن نواز) کی زیر ملکیت تمام کارپویشنیں قانونی اور مالیاتی طور پر مستحکم ہیں ‘پانامہ لیکس نے کوئی نئی اطلاع افشا نہیں کی ‘ترجمان نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ میڈیا کے بعض عناصر اور سیاسی حریف سیاسی مقاصد کے لیے حقائق مسخ کر کے بیان کر رہے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=267