اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) پانی سے بجلی کی پیداوارمیں مالی سال 2018-19 ءکے دوران مجموعی طورپر36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔واپڈا ذرائع نے اے پی پی کوبتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پن بجلی کی مد میں ایک سال قبل کے مقابلے میں واپڈا کو4.358 ارب اضافی یونٹس کی پیداوارحاصل ہوئی۔ذرائع نے بتایا کہ 2018-19ءمیں پانی سے حاصل شدہ بجلی کے 31.425 ارب یونٹس قومی گرڈ میں شامل ہوئے جس کی بنیادی وجہ پن بجلی کے تین اہم منصوبوں کی تکمیل ہے، ان میں نیلم جہلم ہائیڈروپاورپراجیکٹ، گولن گول پراجیکٹ اورتربیلہ 4 توسیعی منصوبے کی تکمیل شامل ہے۔ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کی تکمیل سے قومی گرڈ میں مجموعی طورپر 2487 میگاواٹ بجلی شامل ہوئی،اس وقت قومی گرڈ میں پانی سے بجلی کی مجموعی پیداوارکاحجم 9389 میگاواٹ ہے۔قبل ازیں 59 برسوں تک پانی سے بجلی کی پیداوارکا حجم 6902 میگاواٹ رہاہے۔ملک میں اس وقت پانی سے بجلی کے پیداوارکے 22 سٹیشن کام کررہے ہیں۔