پانی کا ضیاع روکنے کیلئے کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ

84
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب
سید خورشید شاہ متفقہ طور پر خصوصی کمیٹی کے چیئرمین منتخب

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے کسانوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث خوراک کے تحفظ کیلئے اقدامات کی بہت اہمیت ہے، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، دیامر بھاشا ڈیم اور اس طرح کے دیگر منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان واٹر ویک کے سلسلہ میں ٹیکنالوجی کی نمائش کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے آبپاشی کے عمل کے دوران پانی کے ضیاع پر قابو پانے کے لئے کسانوں کو آگاہی دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کاشتکاروں کو تعلیم اور تربیت دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ پانی کے غیر ضروری ضیاع روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ باقی دنیا میں پانی پٹرول اور ڈیزل سے زیادہ مہنگا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے اپنے ملک میں اسے اتنی اہمیت نہیں دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس تقریباً 150 ملین ایکڑ فٹ پانی ہے لیکن صرف 13 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکتے ہیں اور باقی پانی ہر سال ضائع ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان زیادہ تر تعلیم یافتہ نہیں ہیں اور وہ پانی کو محفوظ اور ذخیرہ کرنا نہیں جانتے ۔ انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج برطانوی حکومت نے نظام آبپاشی کے لئے بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کے فور اور کے فائیو منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پانی کی راشننگ رکھی جائے تو کراچی کے لئے 650 ملین گیلن پانی کافی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو بالآخر ہماری خوراک کی صورتحال کو بھی متاثر کرے گا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ تھر میں پانی کی صفائی کے لئے 700 کے قریب آر او پلانٹس لگائے گئے تھے لیکن اب تقریباً 100 کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام ملک کی تمام زرعی یونیورسٹیوں میں نمائشیں لگائیں اور لوگوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں اور پانی کے مسائل سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم اور اس طرح کے دیگر منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر نے نمائش کا افتتاح کیا اور مختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا جائزہ لیا۔