راولپنڈی۔2مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لئے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔
انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا۔اس کے علاوہ زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے۔پریزنٹر نیرولی میڈوزصرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ایونٹ کی کوریج کے دوران 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔اس دوران ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور الٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ اس سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس ، پاکستان کے علاوہ جنوبی ایشیاء میں سونی، آسٹریلیا میں فوکس سپورٹس، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اتصالات، کیریبین میں فلو سپورٹس، نیوزی لینڈ میں سکائے نیوزی لینڈ، یوکے میں سکائے سپورٹس، سب سہارا افریقہ میں سپر سپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ سیریز کے تمام میچز آئی سی سی ٹی وی اور درازلائیو سٹریم ایپ پر بھی نشر کئے جائیں گے۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔