لاہور۔7مئی (اے پی پی):بین المذاہب ہم آہنگی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دیا ،بھارت نے ہمیشہ جنگ میں پہلے کر کے بھاری نقصان اٹھایا ،ملک بھر کی مذہبی تنظیمیں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں ،بھارتی جارحیت خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز لاہور پریس کلب میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سکھ رہنماجسکرن سنگھ سدھو نے کہا کہ لاہور کی سکھ برادری بھارت کے بزدلانہ اقدام کی پرزور مذمت کرتی ہے ، پاکستان کی سالمیت کی خاطر ملک کا ہر شہری قربانی دینے کے لیے تیار ہے، سکھ کمیونٹی اپنی بہادرا فواج کے ساتھ کھڑی ہے، امید ہے پاک فوج بھارتی اقدام کیخلاف موثر اقدام اٹھائے گی ۔
مسیحی کمیونٹی کے رہنما بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے کہ جنہوں نے بھارت کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیا اور اسے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے اس طرح کی کارروائی دوبارہ کرنے کی کوشش کی تو اسے پہلے سے بڑھ کر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ مذہبی و سیاسی رہنما جلیل شرقپوری نے کہا کہ پوری قوم بھارت کی بزدلانہ کارروائی کے خلاف متحد ہوجائے،تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر ملک کی حفاظت کیلئے ایک پیج پر اکٹھے ہو جائیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ورنہ ہماری اپنی کوئی حیثیت نہیں،موجودہ حکومت اور پاک افواج دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ بھارتی حکومت اس زعم میں نہ رہے کہ ہم پاکستان پر حملہ کریں تو ہمیں اس کا جواب نہیں ملے گا،
پاک افواج اپنے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی ،اس کا تن من دھن پاکستان اور اس کی عوام کی حفاظت کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کا بھرپور سود سمیت جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی ایک مضبوط قوم ہیں ۔
انہوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ علامہ ناصر مدنی نے کہا کہ مومن موت کا خوف اپنے اوپر طاری نہیں کرتا، پوری قوم بے خوف و خطر وطن کا دفاع کرے،وطن عزیز کی سرحدوں کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والوں کے لیے جہنم حرام ہو جاتی ہے۔اس موقع پر پنڈت بھگت لال، مفتی عاشق حسین اور علامہ کرامت عباس زیدی نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں تمام مذہبی رہنمائوں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر آپس میں متحد ہونے، پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے ساتھ بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔