اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) پاک بحریہ کی جانب سے آزاد کشمیر کے زلزلہ متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم اور سندھ کے علاقے جاتی میں مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امدادی سامان آزاد کشمیر کے علاقے ڈھوک جرار اور ڈھوک گجر کے لوگوں میں تقسیم کیا گیا جس میں ٹینٹ، گرم ملبوسات اور راشن شامل تھا۔ جاتی میں منعقدہ میڈیکل کیمپ میں جنرل، سرجیکل ، میڈیکل اور بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا۔ میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں آغا خان ہسپتال کا تعاون بھی حاصل رہا۔کیمپ میں 1800 سے زائد مریضوں کو علاج کی سہولیات اور ادویات فراہم کی گئیں اوربیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔