پاک بحریہ کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں انخلاء کے لئے ہوور کرافٹ اور ہیلی کاپٹر تعینات

136
پاک بحریہ کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں انخلاء کے لئے ہوور کرافٹ اور ہیلی کاپٹر تعینات

کراچی۔4ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کی جانب سے سندھ،پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے علاقوں بشمول میر پور خاص ،سکھر،سانگھڑ،قمبر شہدادکوٹ ،سجاول،راجن پور،پہاڑ پور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

پاک بحریہ کہ جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ نے ضلع دادو کے علاقوں میں محصور افراد کے انخلاء کے لئے دو ہوور کرافٹ تعینات کر دیئے ۔ان ہوور کرافٹس کی مدد سے گوٹھ احمد خان چانڈیو،خیر پور ناتھن شاہ سے سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا ہے۔

ہوور کرافٹس زمین،پانی اور دلدلی علاقوں میں آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاک بحریہ کریکس کے علاقوں میں دفاع کے لیے ان کا استعمال کرتی ہے۔فی الوقت ان ہوور کرافٹس کی سیلاب ذدہ علاقوں میں تعیناتی سے ریسکیو آپریشن میں تیزی آئے گی اور ایسے علاقوں سے سیلاب ذدگان کا انخلاء ممکن ہو سکے گا جہاں چھوٹی کشتیوں سے پہنچنا مشکل ہے۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ کے اہلکار دور دراز علاقوں میں ہیلی کاپٹر کی مدد سے ریسکیو آپریشن بھی پوری تندہی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں متاثرہ افراد کو راشن،پینے کا صاف پانی اور تیار کھانا بھی فراہم کر رہی ہیں۔کئی مقامات پر میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا سکے۔پاک بحریہ اس قدرتی آفت کے دوران اپنے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کے لیے پر عزم ہے۔