اسلام آباد ۔ 26 اگست (اے پی پی) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ مختلف فیلڈ ہیڈ کوارٹرز کے کمانڈرز نے کانفرنس میں ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران خطہ کی جیو سٹرٹیجک صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، جوانوں کے تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ امیر البحر کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں جموں و کشمیر میں سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر فورم کے شرکاءنے کشمیریوں کی جائزجدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کی جنگی تیاری اور میری ٹائم سیکٹر میں بحریہ کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بحری سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی پر تشدد کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے پر زور دیا۔ نیول چیف نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتیں بہتر بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی آبادی کی امداد کے لئے جاری ریلیف آپریشن پر فیلڈ کمانڈرز کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ کمانڈاینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں امیر البحر کی سربراہی میں چیفس آف سٹاف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔