پاک بحریہ کے دوسرے کثیر المقاصد 054 ایلفا فریگیٹ پی این ایس تیمور کی بحری بیڑے میں شمولیت

67
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):دوسرے کثیر المقاصد 054 ایلفا فریگیٹ کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے چار 054 ایلفا فریگیٹس کی تعمیر کا معاہدہ پاکستان اور چین کے مابین جون 2018 میں طے پایا. اس طرز کا پہلا جہاز پی این ایس طغرل رواں سال جنوری میں بحری بیڑے کا حصہ بنا جبکہ دوسرا جہاز پی این ایس تیمور 23 جون 2022 کو چین کے شہر شنگھائی میں کمیشن کیا گیا۔

پاکستان واپسی کے دوران پی این ایس تیمور نے ہانگ کانگ، کمبوڈیا، ملائشیا، سری لنکا کی بندر گاہوں کا دورہ کیا اور مختلف دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ بحری مشقوں میں حصہ لیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف نے تقریب سے خطاب کے دوران کہاکہ ٹائپ 054 ایلفا جہاز کثیرا لمقا صد، جدید ہتھیاروں سے لیس بحری جہاز ہیں اور آئندہ کئی برسوں تک پاک بحریہ کا حصہ رہیں گے۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات اور گہرے اعتماد کا مظہر ہیں۔

امیرالبحر نے خطہ بحرہند کے بدلتے ہوئے جغرافیائی حالات اور بڑھتے ہوئے سمندری خطرات کے تناظر میں ایک فعال بحری قوت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے تحفظ میں مضبوط سمندری دفاع کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جدید بحری جہازوں کی شمولیت سے پاکستان بحریہ کی ملکی سمندری مفادات کے تحفظ کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ بعدازاں مہمان خصوصی نے جہاز کی کمانڈ سکرول کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کے حوالے کی جس کے بعد دعاکی گئی۔ تقریب میں چین کے سفارت خانے کے اہلکاروں سمیت تینوں افواج کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔