پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کا امریکہ کا دورہ، 25ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم 2023 میں شرکت

123
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے امریکہ کا دورہ کیا اور 25ویں انٹرنیشنل سی پاور سمپوزیم 2023 میں شرکت کی۔ سمپوزیم میں مشترکہ میری ٹائم چیلنجز اور بین الاقوامی سطح پر میری ٹائم سکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سمپوزیم میں مختلف ممالک کے وفود، بحری افواج اور کوسٹ گارڈ کے سربراہان بھی شریک تھے۔

پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ نے امریکہ کے سیکرٹری آف نیوی اور امریکی بحریہ کے دیگر اعلیٰ حکام، سپین کے چیف آف سٹاف اور آذربائیجان، سعودی عرب، ہالینڈ، مصر کی بحری افواج کے سربراہان سے بھی الگ الگ خصوصی ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران نیول چیف نے عالمی سطح پر میری ٹائم شعبہ میں بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف کے اس دورے سے سمپوزیم میں شریک دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ علاقائی اور عالمی سطح پر سمندری تحفظ کیلئے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔