اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مصر کا سرکاری دورہ کیا اورمصری بحریہ کے کمانڈر انچیف اور دیگر عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مصری بحریہ کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ نیول چیف نے مصری بحریہ کے کمانڈر انچیف اور دیگر عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میزبان حکام نے خطے میں بحری امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ نیول چیف نے مصری بحریہ کے جہاز اور دیگر تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک بحریہ کا مصر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔