اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات لازوال ہیں، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے تعلقات کو نئی جہت ملے گی، پاکستان سعودی عرب تعلقات ایمان اور عقیدے پر مبنی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب دو قالب یک جہان ہیں۔ یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے بعد جاری اپنے ایک بیان میں کہی۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہے، تمام مسلمانوں کے دل ارض حرمین شریفین کے ساتھ دھڑکتے ہیں، سعودی عرب کے عوام اور حکومت مسلمانوں کیلئے جو خدمات سر انجام دے رہی ہے اور جس طرح کورونا کی وباءکے باوجود سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے زائرین حرمین شریفین کیلئے سہولیات پیدا کی ہیں، عالم اسلام اس پر سعودی عرب کی حکومت اور عوام کا شکر گذار ہے اور ان خدمات پر فخر کرتا ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے وژن 2030ءکو پوری امت مسلمہ کیلئے خوش کن قرار دیا اور کہا کہ امیر محمد بن سلمان کے وژن 2030ءسے نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورا عالم اسلام معاشی، اقتصادی و دینی طور پر مضبوط ہوگا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی طرف سے وژن 2030ءاور مملکت کے مستقبل کے منصوبوں کے اعلان اور مملکت کے دستور اساسی قرآن و سنت کا واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کر کے مسلمانوں کے دلوں کو ٹھنڈک پہنچائی ہے۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب دو برادر ملک ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے عوام اور پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہے، وزیر اعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب سے دونوں برادر اسلامی ممالک کی محبت و اخوت کے مضبوط رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔