پاک فضائیہ نے کے پی کے، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو تیز کر دیا

117
ترجمان پاک فضائیہ

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ نے کے پی کے، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کردیا ہے۔ پاک فضائیہ کی طرف سے ہفتہ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فضا سے راشن تھیلے پہنچانے کے لئے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ”ہیلوآپریشنز” بھی کیے جا رہے ہیں۔

جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے2272 مریضوں کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔ انسانی ہمدردی کے طور پر پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 3765 خشک راشن کے تھیلے اور13800 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ بھی تقسیم کئے ہیں۔

سیلاب متاثرہ مرد و خواتین اور بچوں کے لیے مفت کپڑے بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ ائیر مارشل حامد راشد رندھاوا، ہلال امتیاز ملٹری ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف ایڈمنسٹریشن نے ضلع راجن پور میں پاک فضائیہ کے فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی بروقت امداد اور امدادی سرگرمیوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے سیلاب متاثرین کو یقین دلایا کہ جب تک تمام مصیبت زدہ ہم وطنوں کی بحالی مکمل نہیں ہو جاتی پاک فضائیہ اپنا ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری رکھے گی ۔