اسلام آباد۔10ستمبر (اے پی پی):پاک فضائیہ کا سی ۔130 طیارہ امدادی اشیاء کی دوسری کھیپ لیکر جمعہ کو قندھار پہنچ گیا۔انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی کھیپ میں ادویات ، برتن ، کھانے پینے کی اشیاءشامل ہیں۔
قندھار ایئرپورٹ پر ایک تقریب میں یہ سامان گورنر قندھار کے نمائندے کے حوالے کیا گیا۔ تقریب میں کمیونٹی کے عمائدین ، چیمبرز آف کامرس ، میڈیا اور دیگر معززین نے بھی شرکت کی۔ صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز قندھار چیمبر کے تمام ارکان کے ساتھ ایئر پورٹ پر موجود تھے۔گورنر کے نمائندے ،
چیمبر کے صدر اور دیگر معززین نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امداد پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسا تعاون جاری رہے گا۔
پاکستان کے قونصل جنرل نعیم خان نے تمام معززین کی شرکت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں آگاہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کو یقینی بنایا جائے ۔