پاک فضائیہ کا یوم تکبیرکی سلورجوبلی کے تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم کے عزم کو سلام

پاک فضائیہ کا یوم تکبیرکی سلورجوبلی کے تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم کے عزم کو سلام

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):پاک فضائیہ نے یوم تکبیرکی سلورجوبلی کے تاریخی دن کے موقع پر پوری قوم کے عزم کو سلام پیش کیاہے ۔

پاک فضائیہ کے ترجمان نے اتوار کویہاں جاری بیان میں کہاہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارت کے اشتعال انگیز جوہری تجربات کے جواب میں ایٹمی دھماکے کر کے اپنی ایٹمی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ ترجمان نے کہاکہ پاک فضائیہ نے اس دوران اپنے سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے جوہری اور حساس آلات کو ٹیسٹ سائٹ تک پہنچا کر قومی خودمختاری کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا اس دوران فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ٹیسٹ سے پہلے اور دوران تجربات فضائی تحفظ فراہم کیا۔

ترجمان نے کہاکہ پی اے ایف کے لڑاکا طیارے اس دوران ہائی الرٹ تھے اور پائلٹ دشمن کے کسی بھی طیارے کو روکنے کے لیے تیار تھے جس سے پاکستان کی خودمختاری کو خطرہ ہو سکتا تھا۔ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کا عزم آج بھی جاری ہے اور فضائیہ قوم کے دفاع کے لیے چوکس اور تیار ہے۔ترجمان نے کہاکہ پاک فضائیہ کو اس تاریخی واقعہ میں اہم کردار ادا کرنے پر فخر ہے اور اس یادگار دن پر پاک فضائیہ کا ہر فرد عہد کرتا ہے کہ وہ اسی لگن اور عزم کے ساتھ ملک کی فضائی سرحدوں کا دفاع جاری رکھیں گے۔