راولپنڈی۔ 09 مئی (اے پی پی):میونسپل کمیٹی کوٹلی ستیاں کے زیر اہتمام پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی کا انعقاد کیا گیا جو میلاد چوک سے ہوتی ہوئی امیر حمزہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، تاجروں، سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے بھارتی جارحیت اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر، بھارتی حکومت اور فوج کے خلاف بھی نعرے لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے وطن کا دفاع کرنے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ ریلی کے شرکاء نے کہاکہ قوم کے حوصلے بلند ہیں۔ پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔ وطن کے دفاع کے لیے پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو دھول چٹا دی۔ پاک فوج نے ہر مقام پر دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔