راولپنڈی ۔ 22 جنوری (اے پی پی) پاک فوج نے میڈیا رپورٹس پر نتھیا گلی اور مری کے درمیان شدید برف باری کے بعد پھنسے ہوئے شہریوں کی اپیل پر علی الصبح ریسکیو آپریشن کے بعد تمام سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ آپریشن میں پاک فوج، پاک فضائیہ، کوئیک ریسپانس فورس اور ریسکیو کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے علی الصبح اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ سیاحوں نے میڈیا کے ذریعے مدد کی اپیل کی جس پر ریسکیو آپریشن کرکے پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکال کر مری اور کالا باغ کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ ریسکیو آپریشن سخت موسم اور شدید برف باری کے باوجود صبح سوا تین بجے شروع کیا گیا۔