38.4 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 24, 2025
ہومعلاقائی خبریںپاک فوج کی حمایت میں معذور افراد، طلبہ اور سیاسی جماعتوں کی...

پاک فوج کی حمایت میں معذور افراد، طلبہ اور سیاسی جماعتوں کی ریلیاں، بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار

- Advertisement -

حیدرآباد۔ 16 مئی (اے پی پی):معذور افراد کی تنظیم، مقامی سکولوں کے طلبہ اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاک فوج کی حمایت اور بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر پرجوش ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے ، شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ معذور افراد کی تنظیم کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں شرکاء نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لعل محمد اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کو اسی کی سرزمین پر شکست دے کر پاک فوج نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے بہادر فوجی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دے گی۔ اسی طرح لطیف آباد میں مختلف سکولوں کے بچوں نے بھی پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی۔ یہ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی فلائی اوور تک پہنچی، جہاں بچوں اور اساتذہ نے بھارتی حکومت کے خلاف احتجاجی نعرے لگائے اور قومی پرچم لہرایا۔ علاوہ ازیں مرکزی مسلم لیگ اور دیگر جماعتوں کی جانب سے بھی پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔

- Advertisement -

ان ریلیوں سے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما عمر فاروق خانزادہ، محمد اقبال اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ ملک و ملت کے دفاع میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت مزید ٹکڑوں میں تقسیم ہوگا۔ ریلیوں میں شریک عوام نے ملک کے دفاع اور سالمیت کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597988

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں