پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کمراٹ اور کالام کا دورہ، امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

137
ISPR
ISPR

 

راولپنڈی ۔30اگست (اے پی پی):پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سیلاب سے بچاؤ اور امدادی کوششوں کا جائزہ لینے کے لئے سوات کے علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں،ان کے دورے کا مقصد کمراٹ اور کالام اور گردونواح میں پھنسے ہوئے لوگوں کے انخلا اور امدادی کارروائیوں کے بارے میں زمینی حقائق معلوم کرنا ہے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیواور ریلیف آپریشن کے لیے ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹرز نے 82 اڑانیں بھریں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 27 ہیلی کاپٹر کی پروازوں کے ذریعے 316پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا اور 23.27ٹن راشن اور امدادی اشیا فراہم کیں گئیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب متاثرین میں 3540 راشن کے پیکٹ اور250 خیمے تقسیم کیے گئے جبکہ 51 فری میڈیکل کیمپس میں 33025 مریضوں کا علاج کیا گیا۔

آرمی فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن سنٹر ہیڈ کوارٹر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے تحت کام کرتا ہے جس میں فوج کی سطح پر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہم آہنگی سے ریسکیو اور ریلیف کی مربوط کوششیں کی جاتیں ہیں۔ ریلیف آئٹمز اکٹھا کرنے کے 217پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں ۔جہاں پر اب تک 122.87 ٹن خوراک (آٹا، دالیں، چینی وغیرہ) 5.9 ٹن غذائی اشیاء (خیمے، لحاف) , کپڑے وغیرہ اکٹھے کیے جاچکے ہیں۔بین الاقوامی سیلاب ریلیف امدادکے حوالے سے ترکی سے 7 فوجی طیارے امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات سے 3 فوجی طیارے نورخان ایئر بیس راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔ چین سے 2 طیارے 3000 خیمے لے کر آج کراچی پہنچیں گے۔ جاپان سے ترپالیں اور پناہ گاہیں آج کراچی پہنچیں گی۔ کینیڈا نے 5 ملین امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان ، برطانیہ نے 1.5 ملین پاؤنڈ دینے کا وعدہ،آذربائیجان نے 2 ملین امریکی ڈالر کا اعلان کیا ہے۔ ان طیاروں کے ذریعے لائے جانے والے امدادی سامان میں خیمے، ادویات اور کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔