پاک فوج کے سربراہ نے عید الفطر لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی جنرل قمر جاوید باجوہ

94

اسلام آباد ۔ 7 جون (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید الفطر لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کی نماز اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ ادا کی۔ اس موقع پر ملکی امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاک فوج کے سربراہ نے جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سپاہی کیلئے سب سے بہتر عید وہ ہے جو اپنے اہلخانہ سے دور مادر وطن کے دفاع کا فریضہ ادا کرتے ہوئے منائی جائے اور ایک سپاہی کیلئے یہ باعث فخر ہے۔ انہوں نے جوانوں سے کہا کہ وہ یاد رکھیں کہ پاکستان کے محافظ ہونے کے ناطے ہمارا پہلا خاندان پاکستانی قوم اور اس کے بعد ہمارے اہلخانہ ہیں۔