پاک فوج کے شہداء ہمارے محسن ہیں ،شہدائے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کررہی ہے

153

خرم شہزاد

اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ملک بھر میں عوام کی جان و مال اور دھرتی کی حفاظت کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کی طویل داستان ہے،شہداء ہمارے محسن ہیں جنہوں نے اپنا ”آج“ پاکستان کے ”مستقبل“ پر قربان کردیا،آپریشن راہِ راست ہو ، ضربِ عضب ہو یا کہ ردالفساد پاک فوج کے افسران سے لیکر جوانوں تک شہدا ءکا ایک طویل سفر ہے۔وطن کی مٹی کا قرض ادا کرنے والے ، شہدائے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کررہی ہے۔

روایتی جنگ ہو یا دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ، پاک فوج نے ہمیشہ وطنِ عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے لازوال قربانیوں کی داستانیں رقم کی ہیں۔ وطن کی مٹی کے یہ گوہر نایاب ہے کبھی سپاہی رضوان محمود کی صورت میں ماں کا فخر بنے تو کبھی میجر دانش نے اپنی قربانی سے وطن کو سرخرو کیا۔کبھی لانس نائیک محمد عامر نے شہادت کی تمنا کی اور شہادت کو شہد سمجھ کر نوش کیا تو کبھی حوالدار محمد اکرم نے ملک و قوم کےلئے اپنی وفائوں کا حق ادا کیا۔کبھی نائیک عمران کی شہادت نے دل دہلایا تو کبھی کیپٹن کاشان کی ماں کے آنسوئوں اور اسکے والد کے حوصلوں نے کوہ صبر کو بھی حیران کر دیا۔

کیپٹن عفان کی ذوق خدائی اور لذت آشنائی کوئی دیکھے تو کوئی حوالدار محمد نویدکی جرات سے سبق سیکھے حوالدار اسلم جو شہادت پرالحمد للہ کا درس دینے والا جری ہو یا کیپٹن سلمان سرور جسکی زندگی کا مقصد ہی وطن پر جانثار ہونا رہا۔گویا وہ کیپٹن صغیرعباس کی دُکھیا ماں کا غم ہو یا اسکے والد کا حوصلہ یا پھر میجر شجاعت حسین کا وطن کے عشق میں سر بکف ہو کر جام شہادت نوش کرنایہ سب شہید ہمارے محسن ہیں جنہوں نے اپنا ”آج“ پاکستان کے ”مستقبل“ پر قربان کردیا۔ دو دہائیوں سے دہشت گردوں کیخلاف جس بھرپور انداز میں پاک فوج نے کامیاب آپریشنز کیے دنیا میں اسکی نظیر نہیں ملتی۔

آپریشن راہِ راست ہو ، ضربِ عضب ہو یا کہ ردالفساد پاک فوج کے افسران سے لیکر جوانوں تک شہدا ءکا ایک طویل سفر ہے۔سلام ہے شہداءِ پاک فوج کے لواحقین کو جنہوں نے اپنے لختِ جگر اس مٹی کی محبت میں بخوشی قربان کردیئے اور شہادت پر الحمداللہ کہا۔ وہی قومیں ہمیشہ زندہ و تابندہ رہتی ہیں جو اپنے شہدا کو ہمیشہ یاد اور خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔