پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبرکو ہوگا، بابراعظم و امام الحق انجری کے باعث باہر، عمران بٹ 17 رکنی قومی سکواڈ میں شامل

113

لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے مائو نٹ منگنوئی میں شروع ہوگا۔ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق انگوٹھے کی انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کا میڈیکل پینل مسلسل ان دونوں کھلاڑیوں کی انجری کامعائنہ کررہا ہے،دونوں کھلاڑیوں کی 3 جنوری سے کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ سکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینزکی نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ 23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔دورے میں شامل پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، ان کھلاڑیوں میں حیدر علی، خوشدل شاہ، محمد حسنین، حارث رئو ف، عثمان قادر، موسیٰ خان، وہاب ریاض، افتخار احمد، عبداللہ شفیق اور حسین طلعت شامل ہیں۔عماد وسیم 23 دسمبر کوبگ بیش لیگ کھیلنے آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ 24 دسمبر کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے۔ فاسٹ بائو لر حارث رئو ف 6 جنوری کو نیوزی لینڈ سے آسٹریلیا روانہ ہوں گے، جہاں وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کریں گے۔نیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں کھیلے گئے واحد چارروزہ میچ میں پاکستان شاہینز نے 89 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پر مایوسی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہے۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ سکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے۔انہوںنے کہا کہ مجھے کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میںمحمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد ،شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف شامل ہیں۔ پاکستان شاہینزکے اسکواڈ میںروحیل نذیر (کپتان، وکٹ کیپر)، حیدر علی،ذیشان ملک، عماد بٹ، ظفر گوہر، دانش عزیز، افتخار احمد، خوشدل شاہ،حسین طلعت، محمد حسنین، حارث رئو ف، عثمان قادر،وہاب ریاض، موسیٰ خان اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ چھبیس تا تیس دسمبرمائو نٹ منگنوئی میں ہو گا۔ستائیس دسمبر کو پاکستان شاہینز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ناردرن نائٹس ،انتیس دسمبرکو پاکستان شاہینز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ ویلنگٹن فائر برڈز،یکم جنوری کو پاکستان شاہینز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، بمقابلہ کینٹر بری ہوگا۔تین تا سات جنوری پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ کرائسٹ چرچ میں ہو گا۔تین جنوری کو پاکستان شاہینز کا چوتھا ٹی ٹونٹی میچ بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون اورپانچ جنوری کو پاکستان شاہینز کا پانچواں ٹی ٹونٹی میچ بمقابلہ نیوزی لینڈ الیون سے ہوگا۔پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 7 جنوری جبکہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ 9 جنوری کو پاکستان روانہ ہوگا۔