پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ، پاکستان نے چائے کے وقفہ پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنالئے

238
پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ، پاکستان نے چائے کے وقفہ پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنالئے

کراچی۔26دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ابتدائی ٹیسٹ میچ میں گرین شرٹس نے چائے کے وقفہ پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنالئے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز پیر کو پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف چائے کے وقفہ پر58 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر224 رنز بنالئے۔کپتان بابراعظم 119 اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد 43 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ دونوں بیٹسمینوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 114 رنزبن چکے ہیں۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے دونوں اوپنرز سمیت ابتدائی تین بیٹسمین مجموعی سکور48 رنز پر آئوٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔عبداللہ شفیق 7، امام الحق 24 اور شان مسعود 3 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔جس کے بعد بابراعظم اور سعود شکیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 رنز بنے تاہم کھانے کے وقفے سے چار منٹ قبل جب اسکور 110 رنز پر پہنچا تو سعود شکیل بھی 34 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے بائولر مائیکل بریس ویل نے 2 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ کپتان ٹم سائوتھی اور اعجازپٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ہے۔یاد رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی 4 سال بعد ٹیسٹ ٹیم پلیئنگ الیون میں واپسی ہوئی ہے۔