پاک وطن کی مٹی میں ان گنت شہدا کا خون شامل ہے،شہادتوں کا یہ سفر پاکستان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے

133
پاک وطن کی مٹی میں ان گنت شہدا کا خون شامل ہے،شہادتوں کا یہ سفر پاکستان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاک وطن کی مٹی میں ان گنت شہدا کا خون شامل ہے،شہادتوں کا یہ سفر پاکستان کے وجود میں آنے سے لے کر اب تک جاری ہے، شہدا میں سے ایک سپاہی محمد حسیب اکبر شہید بھی شامل ہیں۔

سپاہی محمد حسیب اکبر نے بنوں میں 31 اگست2023 کو خودکش حملے کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔سپاہی محمد حسیب اکبر شہید کے گھر والوں نے اپنے احساسات بیان کرتے ہوئے کہا سپاہی محمد حسیب اکبر شہید کے والد نے کہا کہ "مجھے فخر ہے کہ میرے بیٹے نے ملک و قوم کی خاطر جان قربان کی”۔سپاہی محمد حسیب اکبر شہید کی والدہ نے کہا کہ حسیب بہت اچھا اور لائق بچہ تھا،میرے بیٹے کو بچپن سے ہی فوج میں جانے کا بہت شوق تھا،بیٹے کی جدائی تو برداشت نہیں ہوتی لیکن فخر ہے کہ میرا بیٹا ملک پر قربان ہوا۔

سپاہی محمد حسیب اکبر شہید کے بھائی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ میرا بھائی، میرا بہت اچھا دوست تھا،وہ ہمیشہ کہتا تھا کہ دعا کرو میں فوج میں جاؤں اور شہادت کا رتبہ حاصل کروں اور اللہ نے اس کی سن لی۔ انہوں نے کہا کہ سپاہی محمد حسیب اکبر شہید اپنا آج وطنِ عزیز پر قربان کرکے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے ہیں۔