اسلام آباد ۔ 3 فروری (اے پی پی) پاکستان نے کہا ہے کہ پاک۔ بیلا روس دو طرفہ تعلقات باہمی اعتماد،احترام اور تعاون کے مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین سیاسی، تجارتی، اقتصادی، زراعت، صنعت، صحت، دفاع،سائنس و ٹیکنالوجی،تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق اتوار کو پاکستان اور بیلا روس کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 25ویں سالگرہ منائی گئی اس سلسلے میں دونوں ملکوں کی قیادت نے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔پاکستان نے کہا کہ گزشتہ 25سال کے دوران دونوں ملکوں کے مابین تعلقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے مابین اعلی سطح پر رابطوں میں تیزی آئی اور سیاسی،تجارتی،اقتصادی،زراعت،صنعت،صحت،دفاع،سائنس و ٹیکنالوجی،تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو ا ہے ۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد،احترام اور تعاون کے مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔دونوں ممالک مظبوط ادارہ جاتی میکنزم اور وزارتی اور سینئر حکام کی سطح پر مسلسل رابطوں کے زریعے باہمی اہمیت کے تمام شعبوں میں تعاون کیلئے ٹھوس بنیادیں قائم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔پاکستان اور بیلا روس کے مابین اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز پر بھی کامیاب تعاون کو برقرار رکھا ہے۔